بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا سعودی عرب کے ساتھ معاشی شراکت کو مزید گہرا کرنے کا عزم

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے معاشی تعلقات کو مزید مستحکم اور گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

یہ بات انہوں نے واشنگٹن ڈی سی میں جاری آئی ایم ایف – ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان سے ملاقات کے دوران کہی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کا جائزہ لیا گیا، جب کہ وزیر خزانہ نے سعودی عرب سے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ منصوبوں میں تعاون کی درخواست کی۔

محمد اورنگزیب نے واضح کیا کہ پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کے تحت معاشی اصلاحات پر ثابت قدمی سے عمل پیرا ہے تاکہ طویل المدتی معاشی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے سعودی ہم منصب کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (PIA) اور اہم ہوائی اڈوں کی نجکاری سے متعلق جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا، اور اس عمل میں شفافیت اور مؤثر حکمرانی کے ذریعے اسٹریٹیجک سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے حکومتی عزم کو اجاگر کیا۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (IFC) اور ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (MIGA) جیسے ادارے پاکستان میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو بڑھانے اور خطرات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اشتہار
Back to top button