
شہیدِ ملت لیاقت علی خان کی 74ویں برسی آج عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے
پاکستان کے پہلے وزیراعظم شہیدِ ملت لیاقت علی خان کی چوہترویں (74ویں) برسی آج ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن میں مرحوم کی قومی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
لیاقت علی خان 1895 میں کرنال (برٹش انڈیا) میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے حاصل کی، جبکہ اعلیٰ تعلیم کے لیے وہ برطانیہ گئے جہاں انہوں نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی۔
انہوں نے قائدِاعظم محمد علی جناح کے قریبی رفقاء میں شمار ہوتے ہوئے تحریکِ پاکستان میں بھرپور کردار ادا کیا۔ آپ نے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کے قیام کی جدوجہد میں نمایاں خدمات سرانجام دیں۔
لیاقت علی خان کو 16 اکتوبر 1951 کو راولپنڈی کے کمپنی باغ میں ایک عوامی اجتماع کے دوران شہید کر دیا گیا۔ ان کی یاد میں کمپنی باغ کا نام تبدیل کر کے لیاقت باغ رکھ دیا گیا۔
ملک کی تعمیر و ترقی، خارجہ پالیسی اور آئینی حکمتِ عملی میں ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔