
پاکستان میں عالمی یوم خوراک منایا جا رہا ہے، صدر اور وزیراعظم کا غذائی تحفظ یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج عالمی یوم خوراک منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد بھوک، غذائی قلت اور غیر پائیدار خوراکی نظام کے خلاف شعور اجاگر کرنا ہے۔ اس سال کا موضوع ہے”بہتر خوراک اور بہتر مستقبل کے لیے ہاتھوں میں ہاتھ”۔
اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے الگ الگ پیغامات میں ملک سے غذائی قلت کے خاتمے اور ہر شہری کو متوازن، معیاری اور وافر خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ خوراک کے ضیاع کو روکنے اور زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے جاری منصوبے حکومتی کوششوں کا اہم حصہ ہیں، جنہیں مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی تیار کر رہی ہے، جس کے تحت جدید زرعی طریقوں کو فروغ دے کر فوڈ سپلائی چین کو مضبوط بنایا جائے گا۔
عالمی یوم خوراک اس بات کی یاد دہانی ہے کہ بھوک کے خاتمے اور پائیدار، منصفانہ خوراکی نظام کے قیام کے لیے مشترکہ اور سنجیدہ اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔