بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیرِاعظم شہباز شریف کی جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر میں شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت

وزیرِاعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں زیر تعمیر جناح میڈیکل کمپلیکس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مقررہ ٹائم لائنز کی پابندی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مصر سے واپسی کے فوراً بعد وزیرِاعظم نے سرکاری سرگرمیاں بحال کرتے ہوئے آج جناح میڈیکل کمپلیکس اور ریسرچ سینٹر سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔

وزیرِاعظم نے منصوبے کی تعمیر کے تمام مراحل میں شفافیت یقینی بنانے کے واضح احکامات جاری کیے اور کہا کہ یہ اسپتال جدید ترین طبی سہولیات سے آراستہ ہوگا، جہاں عوام کو بین الاقوامی معیار کی صحت کی خدمات میسر آئیں گی۔

اجلاس کو منصوبے کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ کمپلیکس کے لیے جیوٹیکنیکل اسٹڈی مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ ہائیڈرولوجی اور زلزلہ سے متعلق مطالعات آئندہ ماہ مکمل ہو جائیں گے۔

اس موقع پر وزیرِاعظم نے اجلاس کے شرکاء کو غزہ امن سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے اپنے حالیہ مصر کے دورے سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ اجلاس کے شرکاء نے وزیرِاعظم کی سفارتی کامیابیوں کو سراہا اور غزہ امن سربراہی اجلاس میں پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

اشتہار
Back to top button