
فلسطینیوں کی آزادی، وقار اور خوشحالی پاکستان کی اولین ترجیح ہے: وزیرِاعظم شہباز شریف
وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کی آزادی، عزت و وقار اور خوشحالی پاکستان کی خارجہ پالیسی میں اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مشرقِ وسطیٰ سے متعلق پالیسی کی بنیاد ایک خودمختار اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کے قیام پر ہے، جس کی سرحدیں 1967 سے پہلے والی ہوں اور القدس الشریف اس کا دارالحکومت ہو۔ یہ مؤقف ماضی میں بھی پاکستان کا اصولی مؤقف رہا ہے اور آئندہ بھی برقرار رہے گا۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑی ترجیح غزہ پر مسلط انسانیت سوز جنگ کا فوری خاتمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دیگر برادر اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر ہر فورم پر اس مطالبے کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔
اپنے بیان میں وزیرِاعظم نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس ظلم کو روکنے کا وعدہ کیا اور اسے عملی جامہ پہنایا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان اُن کی امن کے لیے کی گئی اس منفرد کوشش کو سراہتا رہے گا۔