
پاکستان اور روانڈا کا دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے پر اتفاق
پاکستان اور روانڈا نے دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لیے سمندری راستوں کے ذریعے کراچی بندرگاہ کو مشرقی افریقہ کی اہم بندرگاہوں سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری اور روانڈا کے سفیر حریریمانا فاتو کے درمیان آج اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران طے پایا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر جنید چوہدری نے کہا کہ پاکستان کراچی سے جبوتی اور ممباسا جیسے اسٹریٹجک لاجسٹک مراکز تک براہِ راست سمندری تجارتی راہداریوں کے قیام کا منصوبہ رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت گوادر بندرگاہ کو ایک خصوصی برآمدی مرکز کے طور پر ترقی دینے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے، جس کا بنیادی فوکس افریقی ممالک، خصوصاً مشرقی افریقہ کے ساتھ تجارت پر ہوگا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ براہِ راست سمندری راہداریوں کے قیام سے لاجسٹکس کے اخراجات کم ہوں گے، سامان کی ترسیل میں تیزی آئے گی اور پاکستان کی برآمدات عالمی منڈی میں مزید مسابقتی بن سکیں گی۔