بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

لاہور ٹیسٹ، پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 378 پر آئوٹ، جنوبی افریقہ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز بنا لئے

قذافی اسٹیڈیم میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز اسپنرز کا پلّہ بھاری رہا، جہاں پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں جنوبی افریقہ کی ٹیم چھ وکٹوں پر 216 رنز بنا سکی اور اب بھی 162 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔

پاکستان کی پہلی اننگز 378 رنز پر مکمل ہوئی۔ دوسرے روز جب پاکستان نے 313 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا تو محمد رضوان 75 رنز بنا کر سنوران متھوسامی کا شکار بنے۔ وکٹ کیپر بیٹر نے 140 گیندوں پر دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے عمدہ اننگز کھیلی۔ اُن کی اور سلمان علی آغا کے درمیان 163 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

اسی اوور میں متھوسامی نے نعمان علی اور ساجد خان کو بھی آؤٹ کر کے ٹیسٹ کیریئر میں دوسری مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ بعد ازاں انہوں نے شاہین شاہ آفریدی کو بھی آؤٹ کیا اور چھ وکٹوں کے ساتھ 117 رنز دے کر جنوبی افریقہ کے کامیاب ترین باؤلر رہے۔ پرینیلان سبریئن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ سلمان علی آغا 93 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر سات رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کر سکے اور آخری کھلاڑی کے طور پر آؤٹ ہوئے۔

جواب میں جنوبی افریقہ کی اننگز کا آغاز مشکلات سے ہوا۔ کپتان اور اوپنر ایڈن مارکرم 20 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ وِیان ملڈر بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے اور وہ بھی نعمان کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔

دو وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز کے بعد ریان رکلٹن اور ٹونی ڈی زوری نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 94 رنز کی شراکت قائم کی۔ رکلٹن نے 71 رنز (137 گیندوں، 9 چوکے، 2 چھکے) کی اننگز کھیلی اور سلمان علی آغا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد مہمان ٹیم نے جلدی میں تین وکٹیں گنوائیں اور اسکور 200 رنز پر چھ کھلاڑی آؤٹ تک جا پہنچا۔

دن کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے 67 اوورز میں 216 رنز بنائے تھے۔ ٹونی ڈی زوری 81 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ ان کی اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل ہے۔

نعمان علی نے پاکستان کی جانب سے شاندار بولنگ کرتے ہوئے اب تک چار وکٹیں حاصل کی ہیں اور جنوبی افریقی بیٹنگ لائن کو شدید دباؤ میں رکھا ہے۔

اشتہار
Back to top button