بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پی ٹی آئی کے سہیل آفریدی 90 ووٹ لیکر خیبرپختونخوا کے 30 ویں وزیر اعلیٰ منتخب

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار سہیل آفریدی 90 ووٹ لے کر خیبر پختونخوا کے 30ویں وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے۔نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر بابر سلیم سواتی کی صدارت میں ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا، اپوزیشن نے قائد ایوان کے انتخاب کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا، اپوزیشن کی جانب سے وزارت اعلیٰ کے امیدواروں نے انتخاب کا بائیکاٹ کیا۔

انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد اسپیکر بابر سلیم سواتی نے اعلان کیا کہ صوبائی اسمبلی حلقہ پی کے 70 کے رکن سہیل آفریدی 145 ارکان کے ایوان میں 90 ووٹ لے کر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا منتخب ہوگئے ہیں۔یاد رہے کہ سہیل آفریدی ضم قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے خیبرپختونخوا کے پہلے وزیراعلیٰ بن گئے ہیں، ان کے انتخاب پر اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ارکان نے انہیں مبارک باد پیش کی۔

سہیل آفریدی خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے چوتھے وزیراعلیٰ ہیں، ان سے قبل پرویز خٹک، محمود خان اور علی امین گنڈاپور پی ٹی آئی کی جانب سے وزارت اعلیٰ کے منصب پر فائز رہے ہیں۔قبل ازیں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے اسمبلی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ علی امین گنڈاپور اپنا استعفیٰ دے چکے ہیں، جب استعفیٰ منظور ہوگا اور کابینہ تحلیل ہوگی تو پھر نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا عمل شروع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ غیر آئینی کام ہے اور ہم کسی غیر آئینی کام کا حصہ نہیں بنیں گے، پی ٹی آئی خود اس عمل کو مشکوک بنارہی ہے۔

 

اشتہار
Back to top button