
پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر وزیر محمد انتقال کر گئے، چیئرمین پی سی بی کا اظہار افسوس
پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر وزیر محمد 95 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔سابق کرکٹر کے بھتیجے شعیب محمد نے وزیر محمد کےانتقال کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر محمد کا انتقال آج برمنگھم میں ہوا اورہ ان کی عمر 95 برس تھی ۔وزیر محمد 1952 میں بھارت کا دورہ کرنے والے پاکستانی اسکواڈ کے رکن تھے اورانہوں نے دورہ بھارت میں پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز کیا۔وزیر محمد نے 20 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی، انہوں نے 2 سنچریوں اور 3 نصف سنچریوں کی مدد سے 801 رنز بنائے، وزیر محمد کے بھائی حنیف محمد اور مشتاق محمد بھی ٹیسٹ کرکٹر رہ چکے ہیں۔
چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے سابق ٹیسٹ کرکٹر وزیر محمد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے وزیر محمد کی کرکٹ کے شعبے میں خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ وزیر محمد ایک اچھے بیٹسمین اور انتہائی نفیس انسان تھے۔اللہ تعالٰی مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطافرمائے۔ آمین۔