بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ویمنز ورلڈ کپ، آسڑیلیا نے بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دیکر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

ویمنز ورلڈ کپ کے 13ویں میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ایک روزہ کرکٹ کا ریکارڈ قائم کر دیا۔ ویشاکا پٹنم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے 7 وکٹوں کے نقصان پر بھارت کا 331 رنز کا ہدف حاصل کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

ویمنز ون ڈے کرکٹ میں اس سے قبل 2024 میں سری لنکا نے جنوبی افریقہ کے خلاف 4 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔ ہدف کے تعاقب میں کینگروز کپتان ایلیسا ہیلی نے اننگز کے آغاز کے ساتھ ہی بڑے شاٹس لگا کر بھارتی باؤلرز پر پریشر بڑھا دیا تھا، انہوں نے میدان کے چاروں اطراف خوبصورت شاٹس کھیلے اور شاندار 142 رنز کی زمہ دارانہ بلے بازی کی، اس دوران دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والی بیٹر ایلیسا ہیلی نے 21 چوکے اور 3 چھکے بھی لگائے۔

ایشلی گارڈنر 45 اور فیبی لیچ فیلڈ نے 40 رنز بنا کر ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچایا جبکہ آل رؤنڈر ایلس پیری نے 47 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت پر مہر ثبت کی۔ بھارت کی جانب سے شری چرانی نے 3، دپیتی شرما اور امنجوت کور نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 330 رنز بنائے، بھارت کی ٹاپ آرڈر بیٹرز نے زمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ سمرتی مندھانا 80، پرتیکا راول نے 75 رنز بنائے، ہرلین دیول 38، جمیمہ راڈریگز 33 اور رچا گوش نے 32 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو بڑے ٹارگٹ سیٹ کرنے میں مدد فراہم کی۔ آسٹریلیا کی جانب سے آنابیل سدرلینڈ نے 40 رنز کے عوض 5 شکار کیے جب کہ صوفی مولانا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اشتہار
Back to top button