
پاکستانی فوج نے افغان چیک پوسٹوں پر پاکستانی پرچم لہرا دیا
پاک فوج نے افغان طالبان کو اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیتے ہوئے ناصرف کئی چیک پوسٹوں کو مکمل تباہ کیا بلکہ افغان پوسٹوں پر پاکستان کا جھنڈا بھی لہرا دیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق چترال کے قریب سرحد پار افغانستان کی پوسٹ تباہ کی گئی جس میں آگ لگ گئی، پاک فوج کی جوابی کارروائی کے بعد افغان فوجیوں کو بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
پاک فوج کے بھرپور جواب سے افغان فوجی پوسٹ پر لاشیں چھوڑ کر فرار ہو گئے، ویڈیو میں پوسٹ پر آگ بھی لگی دیکھی جا سکتی ہے۔پاک فوج کے جوانوں نے افغان چیک پوسٹ پر قبضہ کرنے کے بعد اس پر پاکستان کا جھنڈا بھی لہرایا۔خیال رہے کہ پاکستان کی جانب سے افغان فورسز کی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے اور پاکستان نے اشتعال انگیزی کرنے والی دو درجن کے قریب سرحدی چوکیوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
پاک فوج کی کارروائیوں میں کئی افغان فوجی اور خوارجی ہلاک ہو گئے جبکہ افغان فوجیوں کی جانب سے پاک فورسز کے سامنے سرینڈر کرنے کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں۔پاک فوج کی جانب سے افغان طالبان کی منوجبا ٹو چیک پوسٹ مکمل طور پر تباہ کی گئی اور پاک فوج کی جانب سے افغان چیک پوسٹوں پر سبز ہلالی پرچم بھی لہرایا گیا۔