بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے اسپیکرز کی سہ فریقی کانفرنس کل اسلام آباد میں شروع ہوگی

پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے پارلیمانی اسپیکرز کی سہ روزہ تیسری سہ فریقی کانفرنس کل (اتوار) سے اسلام آباد میں شروع ہو رہی ہے۔

یہ اہم کانفرنس تین برادر ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے کے لیے منعقد کی جا رہی ہے، جس کا مقصد پائیدار امن، علاقائی استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے لیے قابل عمل تجاویز پر غور و خوض کرنا ہے۔

کانفرنس میں پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق، ترکیہ کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے اسپیکر نومان قرتلمش، اور آذربائیجان کی ملی مجلس کی اسپیکر محترمہ صاحبا غفارووا اپنی اپنی پارلیمانی وفود کے ہمراہ شرکت کریں گے۔

یہ سہ فریقی پارلیمانی رابطہ تینوں ممالک کے درمیان بین الپارلیمانی مکالمے اور ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ اسلام آباد کانفرنس نہ صرف باہمی پارلیمانی روابط کو مزید مضبوط بنائے گی بلکہ علاقائی و عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔

کانفرنس کے آغاز سے قبل اسپیکرز کا ایک ایگزیکٹو اجلاس ہوگا جس میں گزشتہ کانفرنسوں کے فیصلوں کا جائزہ لیا جائے گا اور اس اجلاس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دی جائے گی۔

افتتاحی اجلاس سے سردار ایاز صادق، نومان قرتلمش، اور صاحبا غفارووا خطاب کریں گے، جبکہ کانفرنس کا اختتام ’’اسلام آباد اعلامیہ‘‘ کی منظوری سے ہوگا، جو سہ فریقی پارلیمانی تعاون کے نئے دور کی بنیاد رکھے گا۔

اہم موضوعات میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات، پائیدار ترقی کے اہداف، قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت، علاقائی خودمختاری و سالمیت کا تحفظ، مشترکہ خطرات کے خلاف ردِعمل، اور عوامی و ثقافتی روابط کے فروغ جیسے موضوعات شامل ہیں۔

کانفرنس کے اختتام پر تینوں ممالک کے اسپیکرز اور ان کے وفود لاہور کا دورہ کریں گے، جہاں وہ عظیم مفکر و شاعر علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دیں گے اور پھولوں کی چادر چڑھائیں گے۔

اشتہار
Back to top button