بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

مذہبی جماعت کا احتجاج، اسلام آباد کے تمام داخلی راستے دوسرے روز بھی بند

مذہبی جماعت کے احتجاج پر لاہور اور اسلام آباد کے تمام داخلی راستے دوسرے روز بھی بند ہیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔لاہور میں داخلے کا سگیاں پل کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا، راوی پل کی شاہدرہ جانے والی سڑک پر بھی کنٹینر لگا دیا گیا، پرانے راوی سے لاہور کی طرف آنے والی سڑک بھی بند کر دی گئی۔
لاہور پریس کلب اورملحقہ علاقوں میں معتدد کنٹینرز موجود ہیں جس سے شہریوں کو ضروری کاموں کے سلسلے میں آنے جانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

لاہورسے اسلام آباد موٹروے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے، اسلام آباد سےلاہور آنے والی موٹروے بھی ٹریفک کے لیے بالکل بند ہے، لاہور داخلے کے لیے بابوصابو اورٹھوکرنیاز بیگ سے موٹروے پر انٹری بند ہے۔

اسلام آباد میں موٹروے پر آنے والے تمام راستے بند جبکہ لاہور میں اورنج لائن ٹرین سروس دوسرے روز بھی معطل ہے۔

وزیر آباد میں جی ٹی روڈ کو مولانا ظفر علی خان بائی پاس کے مقام پر رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا گیا، جی ٹی روڈ چناب ٹول پلازہ کے قریب کنٹینرز لگا کر سڑک کو آمدورفت کے لیے مکمل بند کردیا گیا۔

خانکی بیراج ٹول پلازہ پر بھی رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں جبکہ سیالکوٹ ائیرپورٹ جانے والے راستے بھی مکمل بند ہیں۔

گجرات میں دریائے چناب پل کے قریب خندق کھود دی گئی، دریائے چناب پل پر ٹرک اور کنٹینر لگا کر لاہور اور اسلام آباد جانے والی ٹریفک مکمل طور پر بند کر دی گئی۔

جی ٹی روڈ پر کھاریاں اور سرائے عالمگیر کے مقامات پر بھی خندقیں کھود دی گئیں، خانپور ہزارہ میں سرحدی چوکی جنڈیال بیرئیردوسرے روز بھی بند ہے۔
پنجاب اور خیبرپختونخوا کو ملانے والی جی ٹی روڈ کو ٹریلر اور کنٹینر لگاکر بند کیا گیا ہے۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ سے لاہور جانے والے تمام راستے بند ہیں،ایم فور موٹر وے لاہور کی جانب ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے اور شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔

یاد رہے کہ لاہور کے تعلیمی ادارے کل ہنگامی طور پر بند کر دیے گئے تھے، اسلام آباد ہائیکورٹ بار نے بھی راستوں کی بندش کا اعلامیہ جاری کیا تھا جبکہ پبلک سروس کمیشن کے تحت ایس ڈی او پیرا کے امتحانات بھی ملتوی کر دیے گئے۔

پنجاب یونیورسٹی کے زیراہتمام لا کے امتحانات بھی ملتوی ہو چکے ہیں۔

صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل و انٹرنیٹ سروس بھی معطل رہی۔

 

اشتہار
Back to top button