بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

اسلام آباد میں بلوچستان کا تین روزہ ثقافتی میلہ شروع

بلوچستان کے رنگ، خوشبو اور روایات پر مبنی تین روزہ "بلوچستان گرینڈ ٹورازم فیسٹیول” اسلام آباد کے لوک ورثہ میں شروع ہو گیا ہے۔ اس رنگا رنگ میلے کا مقصد بلوچستان کی بھرپور ثقافتی وراثت اور سیاحتی صلاحیت کو اجاگر کرنا ہے۔

یہ فیسٹیول محکمہ ثقافت و سیاحت، حکومتِ بلوچستان کے زیرِ اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا افتتاح وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب کھچی، سفارتکاروں، فنکاروں اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان سیاحت کے بے پناہ مواقع سے مالا مال ہے — چاہے وہ ساحلی پٹی ہو، بلند و بالا پہاڑ ہوں یا خوبصورت وادیاں، ہر منظر اپنی مثال آپ ہے۔

وفاقی وزیر اورنگزیب کھچی نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان فیسٹیول پاکستان میں "وحدت میں کثرت” اور ثقافتی ہم آہنگی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے میلوں سے نہ صرف ثقافت کو فروغ ملتا ہے بلکہ مختلف صوبوں کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں بھی مدد ملتی ہے۔

فیسٹیول میں بلوچستان کے روایتی لوک موسیقی، دستکاری، مقامی کھانوں اور ثقافتی رقص کی خصوصی جھلکیاں پیش کی جا رہی ہیں۔ علاقائی فنکاروں کی پرفارمنس اور دستکاروں کی محنت دیکھنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد لوک ورثہ کا رخ کر رہی ہے۔

یہ فیسٹیول اتوار تک جاری رہے گا، جس میں روزانہ کی بنیاد پر مختلف ثقافتی سرگرمیاں ترتیب دی گئی ہیں۔ شہریوں کے لیے یہ ایک نادر موقع ہے کہ وہ بلوچستان کی ثقافت کو قریب سے دیکھ سکیں اور اس کی خوبصورتی کو محسوس کر سکیں۔

اشتہار
Back to top button