بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستانی ہائی کمیشن کی حضرت نظام الدین اولیاءؒ کے مزار پر حاضری پھولوں کی چادر چڑھائی

نئی دہلی میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن کے فرسٹ سیکرٹری شعیب سرور نے دیگر پاکستانی سفارتکاروں کے ہمراہ عظیم صوفی بزرگ حضرت خواجہ نظام الدین اولیاءؒ کے 722ویں عرس مبارک کے موقع پر ان کے مزار پر روایتی چادر چڑھائی۔

سجادہ نشین دیوان سید طاہر نظامی نے پاکستانی سفارتکاروں کا مزار پر پرتپاک استقبال کیا۔ چادر چڑھانے کے بعد سفارتکاروں نے فاتحہ خوانی کی اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے دعا کی۔

وفد نے مزار کے احاطے میں واقع عظیم صوفی شاعر حضرت امیر خسروؒ کے مزار پر بھی حاضری دی اور عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ اس موقع پر سجادہ نشین نے مہمانوں کی روایتی دستار بندی بھی کی۔

فرسٹ سیکرٹری شعیب سرور نے صوفیاء کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان بزرگانِ دین کے آستانے ہمیشہ امن، محبت، روحانیت اور انسان دوستی کے مراکز رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوفی تعلیمات نے بین المذاہب مکالمے کو فروغ دیا، سماجی ہم آہنگی کو مضبوط کیا اور معاشرے میں تقسیم کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صوفیائے کرام کی آفاقی تعلیمات آج بھی اتنی ہی مؤثر اور اہم ہیں جتنی صدیوں پہلے تھیں۔

اشتہار
Back to top button