
قومی
وزیر داخلہ محسن نقوی اور طلال چوہدری کا رات گئے فیض آباد کا دورہ، سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے رات گئے فیض آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران دونوں وزراء نے اسلام آباد پولیس اور فیڈرل کانسٹیبلری کے اُن اہلکاروں سے ملاقات کی جو عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
محسن نقوی نے موقع پر موجود اہلکاروں کا حوصلہ بڑھایا اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے میں ان کی خدمات کو سراہا۔
انہوں نے اہلکاروں سے خوراک اور مشروبات کی فراہمی سے متعلق دریافت کیا اور آئی جی اسلام آباد پولیس کو ہدایت دی کہ ڈیوٹی پر موجود تمام اہلکاروں کا ہر ممکن خیال رکھا جائے۔
اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔