
ملائیشین وزیرِاعظم کا پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کا عزم
ملائیشیا کے وزیرِاعظم انور ابراہیم نے پاکستان کے ساتھ تجارتی و سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کے اپنے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے۔وہ پیر کے روز کوالالمپور میں منعقدہ "پاکستان-ملائیشیا بزنس اور انویسٹمنٹ کانفرنس” سے خطاب کر رہے تھے۔ انور ابراہیم نے کہا کہ ان کا ملک دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا اور کاروباری اداروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گا۔
انہوں نے پاکستان اور ملائیشیا کے مابین تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مضبوط بنیادیں تجارتی و اقتصادی شراکت کو مزید مستحکم کرنے کا ذریعہ بن سکتی ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ملائیشین سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ زرعی شعبے میں ویلیو ایڈیشن، قدرتی وسائل کی تلاش اور سیاحت جیسے شعبے سرمایہ کاری کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملائیشین اور پاکستانی کاروباری شخصیات مشترکہ منصوبے، کاروبار سے کاروبار (B2B) شراکت داری اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیں۔شہباز شریف نے زور دیا کہ پاکستان میں آپریشنز قائم کر کے کمپنیاں نہ صرف مقامی بلکہ علاقائی و عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکتی ہیں، جو دونوں ممالک کے لیے ایک جیت کا سودا ہوگا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی معاشی صورتحال پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ میں آ چکی ہے جبکہ پالیسی ریٹ 11 فیصد پر آ گیا ہے، جو سرمایہ کاروں کے لیے ایک سازگار ماحول کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے پاکستان اور ملائیشیا تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے نئے افق کو چھو سکتے ہیں۔