بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

قائداعظم ٹرافی 2025-26 کا شاندار آغاز پیر سے ہوگا

پاکستان کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس کرکٹ ایونٹ قائداعظم ٹرافی کا 68 واں ایڈیشن پیر، 6 اکتوبر سے ملک کے چار شہروں کے پانچ میدانوں میں شروع ہو رہا ہے۔ اس مرتبہ ٹورنامنٹ میں دس علاقائی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جن میں گزشتہ سیزن کی چیمپئن سیالکوٹ بھی شامل ہے جو اعزاز کے دفاع کے لیے میدان میں اترے گی۔

پچھلے سیزن میں سیالکوٹ نے یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور کو ایک وکٹ سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔ اسی روایتی حریفوں کا دوبارہ آمنا سامنا افتتاحی میچ میں ہوگا، جو عمران خان اسٹیڈیم پشاور میں کھیلا جائے گا۔ دیگر میچز ایبٹ آباد، اسلام آباد اور راولپنڈی میں شیڈول کیے گئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس مرتبہ ایونٹ کے انعامات میں بھی خاصی دلچسپی لی ہے۔ فاتح ٹیم کو 75 لاکھ روپے جبکہ رنر اپ ٹیم کو 40 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ ہر لیگ میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی کو 25 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ فائنل کے بہترین کھلاڑی کو ایک لاکھ روپے اور ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹر، بولر، وکٹ کیپر اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کو 2.5 لاکھ روپے فی کس انعام دیا جائے گا۔

ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں سیالکوٹ، پشاور، اسلام آباد، لاہور وائٹس، بہاولپور، ایبٹ آباد وہ ٹیمیں ہیں جو گزشتہ سیزن میں اچھی کارکردگی کی بنیاد پر براہ راست شامل ہوئیں۔ جب کہ فیصل آباد، کراچی بلیوز، ملتان اور فاٹا نے حنیف محمد ٹرافی میں شاندار کارکردگی کے بعد اس ایونٹ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔

کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے ایک نئی شرط متعارف کرائی گئی ہے، جس کے تحت ہر ٹیم کے لیے لازم ہوگا کہ وہ اپنے پلےئنگ الیون میں کم از کم ایک انڈر 21 کھلاڑی کو ضرور شامل کرے۔ یہ قدم پاکستان میں نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے کی ایک سنجیدہ کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

شائقین کرکٹ کو ملکی ڈومیسٹک ایونٹ سے جوڑنے کے لیے پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ ٹورنامنٹ کے کئی میچز بشمول فائنل کو پی سی بی کے یوٹیوب چینل پر براہِ راست نشر کیا جائے گا۔ افتتاحی راؤنڈ میں پشاور بمقابلہ سیالکوٹ اور فاٹا بمقابلہ ملتان کے میچز لائیو اسٹریمنگ کا حصہ ہوں گے۔

افتتاحی راؤنڈ کے میچز 6 سے 9 اکتوبر تک جاری رہیں گے، جن میں پانچ مقابلے شامل ہیں:

ایبٹ آباد بمقابلہ بہاولپور (ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم)

لاہور وائٹس بمقابلہ اسلام آباد (شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم، راولپنڈی)

پشاور بمقابلہ سیالکوٹ (عمران خان اسٹیڈیم، پشاور )

فاٹا بمقابلہ ملتان (ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ، اسلام آباد )

فیصل آباد بمقابلہ کراچی بلیوز (مرغزار کرکٹ گراؤنڈ، اسلام آباد)

ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 46 میچز کھیلے جائیں گے، اور توقع ہے کہ یہ ایونٹ ملک بھر کے کرکٹ شائقین کو نہ صرف معیاری کھیل فراہم کرے گا بلکہ نئے ابھرتے ہوئے اسٹارز کو سامنے لانے کا ذریعہ بھی بنے گا۔

اشتہار
Back to top button