
آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ، پاکستان اور بھارت کا مقابلہ آج ہوگا
آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ میں آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت مدمقابل ہوں گے۔آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ می پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔
میچ کی تیاری کیلئے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی ٹریننگ ہفتے کو شیڈولڈ تھی مگر بارش کے سبب یہ پریکٹس سیشن منسوخ ہوگیا۔تاہم ٹاکرے کی تیاری کیلئے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے ان ڈور سیشن میں جم کر پریکٹس کی ، کھلاڑیوں نے ان ڈور نیٹس پر بیٹنگ اور بولنگ کی مشقیں کیں۔
ہیڈ کوچ محمد وسیم اور دیگر کوچز کی نگرانی میں ویمن کرکٹرز نے فزیکل ٹریننگ میں بھی حصہ لیا۔پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان آج میچ بارش سے متاثر ہونے کا بھی امکان ہے۔ میچ کے آغاز سے قبل بارش کی پیش گوئی ہے جو وقفے وقفے سے جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ ایک روزہ کرکٹ میں اگر دونوں ٹیموں کے ریکارڈ کی بات کی جائے تو اس فارمیٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان 11 مقابلے ہوچکے ہیں اور تمام میں بھارت نے فتح حاصل کی ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ایک روزہ میچ 6 مارچ 2022کو نیوزی لینڈ میں ورلڈ کپ کے سلسلےمیں کھیلا گیا تھا جس میں بھارت نے 107رنز سے فتح سمیٹی تھی۔واضح رہے کہ آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ 2025 کے پہلے میچ میں پاکستان کو بنگلا دیش کے خلاف شکست ہوئی تھی جبکہ بھارت نے سری لنکا کو مات دی تھی۔