بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

نائب وزیراعظم نے فلسطین بارے بانی پاکستانی کی پالیسی سے انحراف کوسختی سے مسترد کردیا

نائب وزیراعظم نے فلسطین بارے بانی پاکستانی کی پالیسی سے انحراف کوسختی سے مسترد کردیا
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے فلسطین کے بارے میں قائداعظم محمد علی جناح کی پالیسی سے کسی بھی قسم کے انحراف کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔انہوں نے آج(جمعہ) قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے ایک آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل مطالبے کا اعادہ کیا جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔

اسحاق ڈار نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دفاعی معاہدے کے حوالے سے کہا کہ یہ معاہدہ ایک واضح عزم ہے کہ کسی ایک ملک پر حملہ دوسرے پر حملہ تصور کیا جائے گا۔انہوں نے حرمین شریفین کے محافظین میںشامل ہونے کو پاکستان کیلئے ایک بڑا اعزاز قراردیا۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ کئی عرب اور غیر عرب اسلامی ممالک نے بھی پاکستان کے ساتھ اس طرح کے معاہدوں پر دستخط کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ پاکستان ایک دن عالم اسلام کی قیادت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی ایک ایٹمی اور میزائل طاقت ہے اور اسے اب اقتصادی طاقت بننے کی کوشش بھی کرنی چاہیے اور یہ مقصد صرف اجتماعی کوششوں سے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔نائب وزیراعظم نے اسرائیلی حکام کی جانب سے حراست میں لیے گئے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان اور دیگر پاکستانی شہریوں کی گرفتاری کے بارے میں اظہارخیال کرتے ہوئے ایوان کو یقین دلایا کہ مشتاق احمد خان سمیت تمام زیر حراست پاکستانیوں کی بحفاظت بازیابی اور واپسی یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک بااثر یورپی ملک کو اس معاملے میں مداخلت کرنے اور اسرائیلی فوج کی طرف سے گرفتار کئے گئے اپنے شہریوں کی بحفاظت وطن واپسی میں سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔ایوان کا اجلاس اب پیر کی شام پانچ بجے ہوگا۔

 

اشتہار
Back to top button