
سی پیک کی کامیاب تکمیل پورے خطے کی ترقی کا ذریعہ بنے گی: صدر مملکت آصف علی زرداری
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی ہیں اور چین-پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) میں دونوں ممالک کی دو طرفہ شراکت داری پورے خطے کی ترقی اور خوشحالی کا سبب بنے گی۔چائنا گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک (CGTN) کے پروگرام "ورلڈ ٹوڈے” کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر موسم کے دوست ہیں، جن کا مستقبل مشترک ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون اب خلا تک جا پہنچا ہے، جہاں چین پاکستان کی خلائی شعبے میں بھرپور معاونت کر رہا ہے۔
صدرِ مملکت نے سی پیک کو صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا فلیگ شپ اور مستقبل بین منصوبہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی کامیاب تکمیل خطے میں ترقی، باہمی روابط کے فروغ اور اقتصادی سرگرمیوں میں اضافے کا پیش خیمہ بنے گی۔اپنے حالیہ دورہ چین کو یادگار قرار دیتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ یہ ایک خیرسگالی دورہ تھا کیونکہ چین مستقبل کا ملک ہے اور پورا مشرق بیجنگ کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی گئے، چینی عوام نے محبت اور خلوص سے استقبال کیا، اور یہی محبت انہیں بار بار چین لے جاتی ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور چین مختلف شعبوں جیسے زراعت، توانائی، ریلوے، تعلیم، صحت اور سیاحت میں تیزی سے شراکت داری کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو زرعی خودکفالت حاصل کرنے کے لیے چین کے تجربات سے سیکھنا چاہیے، خاص طور پر آبی تحفظ، جدید آبپاشی نظام اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں۔انہوں نے چین کے جدید ریل نظام کو قابلِ تقلید قرار دیا اور کہا کہ پاکستان بھی ریلوے ٹیکنالوجی میں چین کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بندرگاہیں چین کے سب سے قریب ہیں اور ان کی ترقی نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرے گی۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ چین کے تعاون سے توانائی کے شعبے میں متعدد مشترکہ منصوبے جاری ہیں، جن میں شمسی اور دیگر قابلِ تجدید ذرائع سے بجلی کی پیداوار شامل ہے۔ انہوں نے پانی کو مستقبل کا ایندھن قرار دیتے ہوئے، خاص طور پر پن بجلی کے ذریعے توانائی پیدا کرنے میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر زور دیا۔صدر زرداری نے واضح کیا کہ پاکستان نے ہمیشہ ہر عالمی فورم پر چین کے مؤقف کی حمایت کی ہے اور آئندہ بھی ہر حال میں چین کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے اور ہر ملک کا ترقی کی راہ پر آگے بڑھنا اس کا حق ہے، تاہم ایک دوسرے کی خودمختاری کا احترام ناگزیر ہے۔