
پاکستان کی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے: قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی
قائم مقام صدرِ مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت بتدریج استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے اور تجارت و سرمایہ کاری کے لیے نئی راہیں کھل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہو رہا ہے، جو حکومت کی جانب سے کاروباری ماحول کو محفوظ اور معاون بنانے کی سنجیدہ کوششوں کا مظہر ہے۔وہ آج پشاور میں منعقدہ "پاکستان بزنس سمٹ” سے خطاب کر رہے تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی بحالی اور ترقی کے لیے نجی و سرکاری شعبے کے مابین قریبی تعاون انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ علاقائی امن و استحکام کے قیام کے ساتھ یہ اشتراک پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی نئی راہوں پر گامزن کرے گا۔
دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف پاکستان کی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جب مکالمے ناکام ہوئے تو ریاست کے پاس سخت اقدام کے سوا کوئی چارہ نہ رہا۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام، مسلح افواج، پولیس، لیویز اور فرنٹیئر کور کی قربانیوں کو نہ بھلایا جا سکتا ہے، نہ ہی انہیں رائیگاں جانے دیا جائے گا۔
انہوں نے پاکستان اور افغانستان کو "جڑواں بھائی” قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف کبھی استعمال نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان سمیت چین، روس اور ایران جیسے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعمیری اور مثبت تعلقات کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔قائم مقام صدر نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل ایک خوشحال، پرامن اور مربوط خطے سے جڑا ہے، اور ہم پرعزم ہیں کہ باہمی تعاون اور علاقائی ہم آہنگی سے ایک بہتر کل ممکن بنایا جا سکتا ہے۔