بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پنجاب کی تذلیل کرنے والوں سے کبھی معافی نہیں مانگوں گی، وزیر اعلیٰ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام کی تذلیل کرنے والوں کو جواب دینا میرا کام ہے، اس پر کبھی معافی نہیں مانگوں گی، شمالی اور جنوبی پنجاب کی تفریق ڈالنے والے عوام کے دوست نہیں، پنجاب کے تمام شہروں کو بند مٹھی کی طرح جوڑ کر رکھنا چاہتی ہوں۔

لاہور میں تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پوزیشن ہولڈرز نے پنجاب اور پاکستان کا نام روشن کیا، جس ملک میں اتنے سارے ٹاپرز ہوں اس کو کبھی زوال نہیں آسکتا، میرے پاس پنجاب میں 50 ہزار سکول اور کروڑوں بچے پڑھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سب کو پتہ ہے سرکاری سکولوں میں کس طرح کی روایتی تعلیم ہوتی ہے، پرائیویٹ اور گورنمنٹ سیکٹر کے سکولوں کی تعلیم میں بہت فرق آگیا ہے، جب وزیراعلیٰ کا حلف اٹھایا تو کہا تھا پرائیویٹ اور گورنمنٹ سیکٹر کی تعلیم کا فرق ختم کروں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے، اس وقت پنجاب میں 80 ہزار بچے سکالرشپس پر اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں، سمجھتی ہوں آپ کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال بھی ضروری ہے، سوچا تھا اچھی پرفارمنس والے طلبہ کو جدید لیپ ٹاپس دوں، بطور ماں آپ سب پوزیشن ہولڈرز پر بہت فخر ہے، ماں باپ دن رات محنت کر کے بچوں کے خواب پورے کرتے ہیں، خوشی ہے جتنا پنجاب کے بیٹوں نے پرفارم کیا اس سے بڑھ کر بیٹیوں نے بھی پرفارم کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ اقلیتی برادری کے ایک بچے نے ٹاپ کیا اس کا استاد مسلمان ہے، یہ ہے پاکستان، میرے لئے سب برابر ہیں، میرے سامنے کوئی تفریق نہیں، سفارش اور دھاندلی پر مکمل فل سٹاپ لگایا، جب میرٹ کو فروغ ملتا ہے تو آپ جیسے بچے سامنے آتے ہیں، پنجاب میں آج میرٹ کی پامالی نہیں ہوتی، امتحانی سینٹرز نہیں بکتے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پہلے کسی سیاسی جماعت کا سفارشی یا انتظامی بندے کا پسندیدہ شخص آپ کا حق لے جاتا تھا، اب میں نے کوئی اہم تقرری کرنی ہو تو پینلز کا انٹرویو خود کرتی ہوں، ٹاسک دیا ہوا ہے کہ میرٹ پر آنے والے لوگوں کو میرے پاس بھیجیں، آپ میرٹ پر ہیں تو کسی سفارش کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے سامنے پینل بیٹھا ہو تو ایک سیکنڈ میں بتا سکتی ہوں کہ کون میرٹ پر ہے اور کون سفارشی، آج تک کسی ایک سفارشی کی حکومتی عہدے پر تقرری نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پچھلے 4 سالہ دور حکومت میں من پسند افراد کو ٹھیکے دیئے جاتے تھے، آج میرٹ کا راستہ نہیں کھولوں گی تو کل آپ کے اوپر کوئی سفارشی آجائے گا، آج میرٹ کو اس لئے اہمیت دے رہی ہوں کہ کل آپ کیلئے مشکلات پیدا نہ ہوں۔

مریم نواز نے کہا کہ سرکاری سکول کو معیاری سکول بنانا چاہتی ہوں، چاہتی ہوں سرکاری تعلیمی ادارے میں پڑھنے والے بچے کو پرائیویٹ سے بہتر تعلیم ملے، تمام سرکاری یونیورسٹیوں کو بہتر کرنے کا ٹاسک دیا ہے، نوجوان پاکستان کے سب سے بڑے سٹیک ہولڈرز ہیں، ہمارا فوکس نوجوانوں کے مستقبل کو بہتر بنانا ہے، پاکستان میں نوجوانوں کی تعداد 65 فیصد ہے، میری 100 فیصد توجہ نوجوانوں پر ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ میں خود آ کر آپ کو سکالرشپس دیتی ہوں، میرا مقصد ہوتا ہے کہ آپ کو احساس ہو کہ آپ کی وزیراعلیٰ نے آپ کی ذمہ داری اپنے کندھوں پر اٹھالی، میں طلبہ کیلئے سینٹر آف ایکسی لینس بنا رہی ہوں، چکوال میں پہلے سینٹر آف ایکسی لینس کا افتتاح کیا وہاں 1400 بچے پڑھتے ہیں، 40 کنال رقبے پر 65 کروڑ کی لاگت سے سکول بنایا جو کسی ایچی سن کالج سے کم نہیں، ہر شہر میں اسی طرز کے سینٹر آف ایکسی لینس بنارہی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وزیرتعلیم رانا سکندر حیات کا بیٹا بھی سرکاری سکول میں جاتا ہے، کوئی ایسا وزیر دکھا دیں جس کا بیٹا سرکاری سکول میں جاتا ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے پتہ چلا کہ غربت کی وجہ سے بچوں کی جسمانی نشوونما کم ہو رہی ہے، ہم نے 9 بلین سے سکول میل پروگرام شروع کیا، آج 10 لاکھ بچوں کو سکول میں روز دودھ کا ایک پیکٹ ملتا ہے، غریب ماں باپ چاہتے ہیں ان کے بچے سکول جائیں اور ان کو دودھ ملے، سکول میل پروگرام کو پورے پنجاب میں پھیلاؤں گی۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے سکولوں میں 6 ہزار سٹیٹ آف دی آرٹ لیبز بنا رہی ہوں، بچے ان میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس، روبوٹکس اور کوڈنگ پڑھیں گے، ہم سکولوں میں گوگل اوراے آئی کلاس رومز بنارہے ہیں، دوسری زبانوں کی تعلیم بھی بہت ضروری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مریم نواز پورے پنجاب کی وزیراعلیٰ ہے، مریم نواز کیلئے کسی شہر کیلئے کوئی تفریق نہیں، آج ہر نیا منصوبہ پہلے چھوٹے شہروں سے شروع ہوتا ہے پھر بڑے شہروں میں جاتا ہے، شمالی اور جنوبی پنجاب کی تفریق ڈالنے والے آپ کے دوست نہیں، پنجاب کے تمام شہروں کو بند مٹھی کی طرح جوڑ کر رکھنا چاہتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرک بسیں میانوالی سے شروع کیں، الیکٹرک بسیں پہلے چھوٹے شہروں کو دیں اب بڑے شہروں میں جا رہی ہیں، آج اپنا گھر سکیم کے تحت پورے پنجاب میں 90 ہزار گھر بن رہے ہیں، پورا پنجاب میری اولاد کی طرح ہے جس کو جوڑ کر رکھنا چاہتی ہوں، انگریزی زبان ضرور سیکھنی چاہیے، انگریزی سے زیادہ توجہ قومی زبان پر دینی چاہیے، آپ کو فخر ہونا چاہیے کہ ہم اردو بولتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ طلبہ گرین الیکٹرک بسوں میں بالکل مفت سفر کر سکیں گے، اپنی بیٹیوں کیلئے گرین الیکٹرک بسوں میں الگ حصہ بنایا، گرین الیکٹرک بسوں میں سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ ہو رہی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں سی سی ڈی بنائی، جب حلف اٹھایا تو پنجاب میں کھلے عام جرائم ہوتے تھے، پنجاب میں دن کے اوقات میں قتل کی وارداتیں ہوتی تھیں، آج 25 سے 26 شہر ایسے ہیں جہاں کئی ہفتے ہوگئے کوئی کرائم رپورٹ نہیں ہوا، آج خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعہ پر 24گھنٹوں کے اندر اندر ایکشن ہوتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پورے پنجاب میں میرٹ پر اساتذہ بھرتی کئے، ہر سکول کو اب سبجیکٹ سپیشلسٹ ملیں گے، نہیں چاہتی کہ اب بچوں کو یونیفارم اور کتابوں کیلئے والدین کی طرف دیکھنا پڑے، نہیں چاہتی کہ والدین آپ کو یونیفارم دلانے کیلئے اپنی جیب کی طرف دیکھیں، پنجاب کے پاس جو بھی ہے وہ آپ کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن بچوں کو سکالر شپس نہیں ملتے وہ اپنے حکمرانوں سے سوال کریں، حکومت کا یہ کام نہیں کہ ووٹ لیکر غائب ہو جائے، حکومت کا کام ہے دکھ، تکلیف اور تنگی میں اپنے عوام کے ساتھ ہو، ریاست ماں ہوتی ہے اور اپنے بچوں کے ساتھ سوتیلے والا سلوک نہیں کرتی، میں پنجاب اور پاکستان کی بیٹی ہوں، میں اپنی بیٹیوں کیلئے محفوظ پنجاب بنانا چاہتی ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ واحد خاتون وزیراعلیٰ آئی تو لاہور میں بھی پہلی خاتون کمشنر بنی ہے، آج پیرا فورس، کاؤنٹرٹیررازم اور ہر محکمے میں خواتین ہیں، اگر آپ کی بہن یا بیٹی پڑھنا چاہتی ہے تو اس کو مت روکیں، چاہتی ہوں خواتین بھی اس ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔

مریم نواز نے کہا کہ حقیقت اور فریب کو سمجھنا ضروری ہے، فیک نیوز اور پروپیگنڈا کو سمجھیں، آنکھیں بند کر کے کسی کی بات پر یقین نہ کریں، سوشل میڈیا پر کوئی فیک دیکھو تو اس پر فوراً یقین نہ کرو، سچ ابھی جوتے پہن رہا ہوتا ہے کہ جھوٹ چکر لگا کر واپس بھی آجاتا ہے، جھوٹے کا بہت لوگوں نے فائدہ اٹھایا۔

انہوں نے بتایا کہ حقیقت وہ میٹرو بس ہے جو پنجاب کے کئی شہروں میں بن گئی، حقیقت وہ 90 ہزار گھر ہیں جو پورے پنجاب میں بن رہے ہیں، حقیقت یہ ہے کہ پنجاب میں 13 روپے کی روٹی ہے، اللہ نے مجھے 5 سالہ دور حکومت دیدیا تو پنجاب ایک ترقی یافتہ صوبہ ہوگا، پنجاب کو لوگ دیکھنے آیا کریں گے آج بھی لوگ اس کو دیکھنے آتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جلاؤ گھیراؤ کی باتوں پر کبھی کان نہ دھریں، جن بچوں کو 9 مئی کو اکسایا گیا وہ آج جیلوں میں بیٹھے ہیں، اپنے بچے باہر بیٹھے ہیں اور دوسروں کے بچے جیلوں میں رل رہے ہیں، جو آپ کو جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب دے وہ آپ کا دشمن تو ہو سکتا ہے دوست نہیں، خدارا دوست اوردشمن کو پہچانیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیلاب میں لیکچر دیئے جا رہے تھے کہ عالمی امداد کیوں نہیں مانگتے، اب بس کر دیں، پاکستان کا ہر شخص اپنے وسائل کو ملک کیلئے استعمال کرے تو ملک کو آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں کے پاس یکساں وسائل ہیں، یہ بات کبھی مت ماننا کہ اس کے پاس وسائل کم اور اس کے پاس وسائل زیادہ ہیں، باقی صوبوں کے وسائل کہاں جاتے ہیں؟ مریم نواز، نوازشریف کی بیٹی ہے وہ کبھی اپنے لوگوں کو کشکول پکڑنے کا نہیں کہے گی، اپنے عوام کو کہوں گی عزت نفس پر کبھی سمجھوتا نہ کرنا، مریم نواز اگر پنجاب کے عوام کی عزت نفس کی بات نہیں کرے گی تو اور کون کرے گا،؟ اس پر مریم نواز کبھی معافی نہیں مانگے گی۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ میرا کام ہے کہ اگر کوئی پنجاب کے عوام کی تذلیل کرے تو اس کو جواب دوں، آج اس عہدے پر پہنچی ہوں تو یہ عوام کے اعتماد کے بعد والدین کی دعائیں ہیں۔

اشتہار
Back to top button