بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا پمز اسپتال کا دورہ، زخمی اہلکاروں کی عیادت

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آج اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے آزاد کشمیر میں حالیہ واقعات کے دوران زخمی ہونے والے اسلام آباد پولیس اور آزاد کشمیر پولیس کے اہلکاروں کی عیادت کی۔وزیر داخلہ نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمی اہلکاروں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کی صحت یابی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔

اس موقع پر محسن نقوی نے چیف کمشنر اسلام آباد اور انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایت کی کہ آزاد کشمیر پولیس کے زخمی اہلکاروں کی خصوصی دیکھ بھال اور مکمل معاونت کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے، تاہم کسی کو بھی قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ چند شرپسند عناصر دشمن کے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن ریاست ایسے عناصر سے سختی سے نمٹے گی۔پمز اسپتال انتظامیہ کے مطابق اس وقت 31 اسلام آباد پولیس اہلکار اور 12 آزاد کشمیر پولیس اہلکار زیر علاج ہیں، جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

اشتہار
Back to top button