
ایتھوپین سفیر پاک ایتھوبیا تعلقات کو مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا، قائم مقام صدر
قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں سبکدوش ہونے والے ایتھوپین سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔یہ بات انہوں نے آج اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفیر سے الوداعی ملاقات کے دوران کہی۔
قائم مقام صدر نے کہا کہ ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ نے اپنے دورِ سفارت کے دوران سیاسی، معاشی اور عوامی سطح پر دونوں ممالک کے تعلقات کو مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے گرین پاکستان انیشی ایٹو میں بھی اہم کردار ادا کیا اور ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے قابلِ قدر خدمات سرانجام دیں۔
سید یوسف رضا گیلانی نے ایتھوپیا کی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اسپیکرز کو اگلے ماہ اسلام آباد میں ہونے والی بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
ملاقات کے دوران ایتھوپین سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ نے قائم مقام صدر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف ایتھوپیا بلکہ پورا افریقی خطہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے میں ان کے کردار کا معترف ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان افریقہ کے لیے ایک اہم ملک ہے، اور ایتھوپیا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ افریقی ممالک پاکستان کو ایک مخلص اور برادر ملک سمجھتے ہیں۔
ڈاکٹر جمال نے پاکستان کے عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے کے لیے قائم مقام صدر کی پارلیمانی سفارت کاری کو بھی سراہا۔ انہوں نے پاکستان کی سینیٹ میں افریقہ ڈے کی تقریبات اور اس موقع پر منظور کی گئی قرارداد کو ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا، جو تمام افریقی اقوام کے لیے قابلِ فخر ہے۔
انہوں نے پاکستان کی مضبوطی اور ترقی کی تعریف کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان مستقبل میں عالمی سطح پر مزید اہم کردار ادا کرے گا۔ سبکدوش ہونے والے سفیر نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ذاتی طور پر ایتھوپین پارلیمانی قیادت کو بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی دعوت پہنچائیں گے۔