بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاک فوج عوامی فلاحی اقدامات کے لیے پرعزم ہے: آرمی چیف

چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سول اور عسکری اداروں کے باہمی تعاون کو ناگزیر قرار دیا ہے۔انہوں نے یہ بات قصور سیکٹر اور جلالپور پیروالا (ملتان) میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ کے دورے کے دوران کہی، جہاں انہوں نے سیلابی صورتحال اور جاری امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔آرمی چیف نے عوامی فلاح و بہبود سے متعلق تمام اقدامات کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ دورے کے دوران انہیں متاثرہ علاقوں میں جاری ریسکیو و ریلیف آپریشنز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سول انتظامیہ سے بات چیت کرتے ہوئے عوامی شمولیت پر مبنی ترقی اور مؤثر طرز حکمرانی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بار بار آنے والے سیلابی نقصانات سے بچاؤ کے لیے درکار تمام ضروری اقدامات، خصوصاً بنیادی ڈھانچے کی بہتری، میں تاخیر کی گنجائش نہیں۔ ریاست ہر سال قیمتی جانوں اور املاک کے نقصانات کی متحمل نہیں ہو سکتی۔

آرمی چیف نے ان متاثرین سے بھی ملاقات کی جنہیں پاک فوج اور سول انتظامیہ کی بروقت کارروائیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا تھا۔ متاثرین نے اس نازک وقت میں پاک فوج کی فوری مدد پر دلی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے ریسکیو آپریشنز میں مصروف فوجی جوانوں، ریسکیو 1122 اور پولیس اہلکاروں سے بھی ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ تیاری اور انتھک جذبے کو سراہا۔ آرمی چیف نے سول انتظامیہ کے ساتھ قریبی ہم آہنگی میں دن رات جاری ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔مزید برآں، آرمی چیف نے لاہور-قصور اور ملتان-جلالپور پیروالا کے سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا تاکہ نقصانات کی شدت اور جاری امدادی سرگرمیوں کا براہ راست معائنہ کیا جا سکے۔

اشتہار
Back to top button