
سندھ میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر پاک فوج ہائی الرٹ پر، امدادی تیاریاں مکمل
سندھ میں حالیہ شدید بارشوں اور ممکنہ درمیانے درجے کے سیلاب کے خدشے کے پیش نظر پاک فوج مکمل الرٹ اور ہر قسم کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔پاک فوج اور سول انتظامیہ کے افسران نے اپنے متعلقہ علاقوں کا تفصیلی معائنہ کیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔پاک فوج سیلاب کے ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے سول انتظامیہ کو ہر ممکن معاونت فراہم کر رہی ہے۔ مختلف مقامات پر حفاظتی بند اور پشتے تعمیر کیے جا رہے ہیں تاکہ پانی کی تباہ کاریوں سے عوام کو محفوظ رکھا جا سکے۔دادو اور جامشورو کے علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال کا جامع جائزہ لیا گیا ہے اور تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اسی طرح سکھر اور گڈو بیراج پر بھی حفاظتی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
پاک فوج کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں فری میڈیکل کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں متاثرین کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، اور ممکنہ سیلاب کی صورت میں یہ امدادی سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔پاک فوج کا عزم ہے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بھرپور طریقے سے نمٹا جائے گا۔