بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

صدر مملکت کا چین کے وژن کی بھرپور حمایت کا اعادہ، تہذیبی تبادلے اور رواداری کے فروغ پر زور

صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے تہذیبی تبادلے اور باہمی سیکھنے کے وژن کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ثقافتی روابط کو فروغ دینے، تخلیقی صنعتوں کو مضبوط کرنے اور باہمی افہام و تفہیم و رواداری کی فضا قائم کرنے کے لیے چین اور دیگر اقوام کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔وہ چین کے شہر چنگدو میں منعقدہ "سیکنڈ گولڈن پانڈا ایوارڈز انٹرنیشنل کلچر فورم” سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر نے کہا کہ ثقافت اقوام کے درمیان امن، خوشحالی اور مشترکہ مستقبل کی جانب پل کا کردار ادا کرتی ہے۔

صدر زرداری نے چین کے پیش کردہ گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (GDI)، گلوبل سیکیورٹی انیشی ایٹو (GSI) اور گلوبل گورننس انیشی ایٹو (GGI) کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ اقدامات پائیدار ترقی، علاقائی استحکام اور جامع عالمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے نہایت اہم ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گلوبل گورننس انیشی ایٹو دنیا کی متنوع تہذیبوں کا احترام، ثقافتی برابری، عوامی روابط اور مکالمے کو فروغ دیتا ہے، جو تہذیبوں کے ٹکراؤ کے بیانیے کا مؤثر جواب ہے۔صدر نے کہا کہ دنیا ایک بڑے تغیر سے گزر رہی ہے، اور صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین نے تصادم کے بجائے تعاون اور باہمی فائدے پر مبنی راستہ دکھایا ہے، جو قابلِ ستائش ہے۔

اشتہار
Back to top button