
وزیراعظم شہباز شریف کا امیرِ قطر سےٹیلی فونک رابطہ ، دوحہ پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں دوحہ پر اسرائیلی افواج کی غیرقانونی اور سفاکانہ بمباری کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔
وزیراعظم نے اس المناک واقعے پر امیرِ قطر، شاہی خاندان اور قطری عوام سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور شہری املاک کو پہنچنے والے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے اسرائیلی جارحیت کو قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا، جو نہ صرف خطے کے امن اور استحکام کے لیے خطرہ ہے بلکہ ایک انتہائی اشتعال انگیز اقدام بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا یہ بزدلانہ حملہ اس کی قیادت کی ذہنیت کا عکاس ہے، جو اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔
وزیراعظم نے اس نازک مرحلے پر مسلم اُمہ کے اتحاد پر زور دیا اور امیرِ قطر کو یقین دلایا کہ پاکستان اسرائیلی جارحیت کے خلاف ریاستِ قطر کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے۔
امیرِ قطر نے اس مشکل گھڑی میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کی گئی فون کال اور اخلاص پر مبنی اظہارِ یکجہتی کو نہایت قابلِ قدر قرار دیا اور کہا کہ یہ جذبہ پاکستان اور قطر کے گہرے برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔