
وزیر مذہبی امور کا امن، اہم آہنگی اور بھائی چارے کیلئے زندگیوں کو سیرت النبی ﷺ کے مطابق ڈھالنے پر زور
وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے معاشرے میں امن، ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنی زندگیوں کو سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ہفتہ کو اسلام آباد میں بین الاقوامی سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نبی پاک حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم تمام جہانوں کے لیے رحمت ہیں۔
ایک حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر مذہبی امور نے کہا کہ تمام مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور فلسطینی عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔
سردار محمد یوسف نے سوشل میڈیا کے منفی استعمال کو روکنے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے منفی استعمال کو روکنے کے لیے متعلقہ قوانین پہلے سے موجود ہیں اور حکومت علماء و مشائخ کی رہنمائی میں ان پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔
قبل ازیں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین علماء کونسل پاکستان حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ملک دشمن فرقہ وارانہ اور لسانی بنیادوں پر مسلسل نفرتیں پھیلا رہے ہیں لیکن قوم ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بغیر تحقیق کے سوشل میڈیا پر کوئی بھی چیز پھیلانا گناہ اور خلاف قانون ہے۔
تقریب سے فلسطین کے صدر کے مشیر برائے مذہبی امور اور شرعی عدالت کے چیف جسٹس محمود صدیقی الھباش، بنگلہ دیش کے مشیر برائے مذہبی امور اے ایف ایم خالد حسین، وزیر برائے غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ، پارلیمانی سیکرٹری برائے مذہبی امور سردار علی خان سمیت دیگر اہم مہمانوں نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس
اس موقع پر علمائے کرام نے اپنے خطابات میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت اور تعلیمات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے وسیع تر اتحاد کے ساتھ ساتھ فرقہ وارانہ اور بین المذاہب ہم آہنگی پر زور دیا۔