
پنجاب حکومت نے تاریخ میں پہلی بار ’’کلینک آن بوٹس‘‘ سروسز کا آغاز کر دیا
پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کیلئے تاریخ میں پہلی بار ’’کلینک آن بوٹس‘‘ سروسز کا آغاز کر دیا گیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب زدہ علاقوں میں ’’کشتیوں پر ہسپتال‘‘ بنا دیا گیا، پنجاب ہیلتھ ٹیم صوبے بھر کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں مصروف عمل ہے۔مریم نواز شریف فلڈ ریلیف کیمپوں میں متاثرین بالخصوص خواتین اور بچوں کے علاج کیلئے پرعزم ہیں، تاریخ کے سب سے بڑے فلڈ میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں صحت کی تاریخی سروسز کی فراہمی جاری ہے۔سیلاب متاثرہ اضلاع میں خواتین اور بچوں کی صحت کی دیکھ بھال کے مربوط پروگرام کا آغاز کیا گیا، سیلاب متاثرین کیلئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں میسر ہے، سیلاب متاثرہ علاقوں میں 968 کلینک آن ویل اور میڈیکل ریلیف کیمپ قائم کئے گئے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر خواتین اور بچوں کے علاج معالجہ کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے۔حاملہ خواتین کے چیک اَپ کیلئے ڈاکٹر اور عملہ موجود ہے جبکہ خواتین کیلئے ملٹی وِٹامن، سینٹری کٹس اور دیگر ضروری سامان ہر فلڈ کیمپ میں موجود ہے، حاملہ خواتین کو بروقت مریم نواز ہیلتھ یا ہسپتالوں میں پہنچنے کیلئے ہمہ وقت رورل ایمبولینس سروس بھی میسر ہے۔
بچوں کے علاج کیلئے روزانہ ہر کیمپ میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز دورہ کر رہے ہیں، فلڈ ریلیف کیمپوں میں نومولود بچوں کی روٹین ویکسی نیشن کے خصوصی انتظامات بھی کئے گئے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر فلڈ ریلیف کیمپوں میں کیڑوں کے کاٹنے، سکن انفیکشن، پیٹ کی بیماریوں، ہیضہ اور ملیریا کے علاج کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے، فلڈ ریلیف کیمپ میں او آر ایس، اینٹی بائیوٹک اور دیگر ضروری ادویات کی کافی مقدار موجود ہے، فلڈ ریلیف کیمپوں میں غذائی قلت کا شکار بچوں کی اسکریننگ اور ازالے کے لئے ضروری علاج کی سہولت بھی موجود ہے۔