
مون سون کا نواں اسپیل آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان: این ڈی ایم اے
مون سون کا 9واں اسپیل آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق اس دوران ملک کے شمالی علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات اور لاہور میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔اس سپیل کے زیر اثر جنوبی پنجاب اور جنوبی سندھ سمیت ملک کے جنوبی علاقوں میں آئندہ ہفتہ سے بارش کا امکان ہے۔
بدین، سجاول اور تھرپارکر سمیت ملک کے ساحلی علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔غیر معمولی بارشوں اور ندیوں کی آمد میں اضافہ نے مختلف علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا کردی ہے۔4 اور 5 ستمبر کے درمیان دریائے راوی، چناب اور ستلج کے سیلابی پانی کے پنجند میں جمع ہونے کی توقع ہے، جس سے علاقے میں شدید سیلاب کا خدشہ ہے۔این ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ ممکنہ طور پر متاثرہ علاقوں کی پہلے ہی نشاندہی کی جا چکی ہے، اور متعلقہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو پیشگی مطلع کر دیا گیا ہے۔حساس علاقوں کے رہائشیوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ متعلقہ حکام کی ہدایات پر عمل کریں اور اپنی حفاظت کو یقینی بنائیں۔سیلاب کے خطرے والے علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔
اس کے علاوہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں میں تقریباً 5700 ٹن امدادی سامان پہلے ہی تقسیم کیا جا چکا ہے۔
تمام سرکاری ادارے، رفاہی ادارے اور پاکستان کی مسلح افواج متاثرہ افراد تک ضروری سامان کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کر رہی ہیں۔