
جنوبی افریقہ ویمنز اور آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم کا کیمپ جاری
جنوبی افریقہ ویمنز کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان اور آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ 2025 کی تیاریوں کے سلسلے میں قومی ویمنز کرکٹرز کا تربیتی کیمپ زور و شور سے جاری ہے، جس کا آج پانچواں روز ہے۔
کیمپ کے ابتدائی سیشن میں کھلاڑیوں نے مقامی ہوٹل کے جم میں بھرپور فزیکل ٹریننگ کی۔ اس دوران انہیں فٹنس سے متعلق مختلف عملی مشقیں کرائی گئیں، جن میں اسٹرنتھ، اسٹیمنہ اور کنڈیشنگ پر خصوصی توجہ دی گئی۔ کھلاڑیوں نے تقریباً تین گھنٹے تک جم میں بھرپور ایکسرسائز کی۔
ٹریننگ سیشن کی نگرانی اسٹرنتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ اسفند یار نے کی، جنہوں نے کھلاڑیوں کی انفرادی فٹنس ضروریات کے مطابق مشقیں ترتیب دیں۔
شام کے سیشن میں خواتین کرکٹرز ہائی پرفارمنس سنٹر، لاہور میں پریکٹس کی جہاں تکنیکی اور مہارت پر مبنی ٹریننگ دی گئی۔
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا یہ تربیتی کیمپ 11 ستمبر تک لاہور میں جاری رہے گا، جس کا مقصد کھلاڑیوں کی جسمانی فٹنس، کارکردگی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے تاکہ وہ آئندہ بین الاقوامی چیلنجز کے لیے مکمل طور پر تیار ہو سکیں۔