
قومی
وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان ایران اقتصادی و سیاسی تعلقات مضبوط بنانے پر زور
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور ایران کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ ایران کے صدر مسعود پیزشکیان سے چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان کی کونسل کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کے دوران انہوں نے پڑوسی ملک ایران کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات کیلئے پاکستان کے گہرے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے ایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی اور علاقائی امن کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور مذاکرات اور سفارت کاری کو کشیدگی میں کمی اور استحکام کی جانب واحد قابل عمل راستہ قرار دیا۔ایرانی صدر نے پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہا اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کیلئے ایران کے عزم کا اعادہ کیا