بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان ایس سی اورکن ملکوں کی خودمختاری اورسلامتی کی حمایت کرتا ہے،وزیراعظم 

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے منشور کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی کونسل کے 25 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تنظیم کے مقصد کے تحت اِس کی اعلی اقدار کو برقرار رکھنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو علاقائی تعاون اور انضمام کے لیے پاکستان کے مستقل عزم کی بہترین نمائندگی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ”ایک خطہ ایک شاہراہ”کے قومی منصوبے کے تحت چین پاکستان اقتصادی راہداری علاقائی روابط اور اقتصادی انضمام کیلئے ایس سی او کے وژن کے مطابق عملی طور پر مفید ثابت ہو سکتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام رکن ممالک اور اُن کے پڑوسیوں کی خودمختاری اور سا لمیت کی حمایت اور احترام کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تمام بین الاقوامی اور دو طرفہ معاہدوں کا بھی احترام کرتے ہیں اور شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام رکن ممالک سے اسی اصول کی پیروی کی توقع رکھتے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان موجودہ معاہدوں کے مطابق پانی کے جائز حصے تک بلا تعطل رسائی سے ایس سی او کو تقویت اور وسیع تر اہداف کے حصول میں مدد ملے گی جن کے لیے ایس سی او کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کثیرجہتی سمیت مذاکرات اور سفارت کاری کی طاقت پر یقین رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات کا خواہش مند ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پورے خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے ایس سی او کے تمام رکن ممالک کے ساتھ مل کر کوششیں جاری رکھے گا۔

 

اشتہار
Back to top button