
تاریخ کا بدترین سیلاب، وزیر اعلیٰ پنجاب کے بروقت فیصلوں سے سینکڑوں جانیں بچ گئیں
پنجاب میں حالیہ سیلاب نے اپنی شدت سے تاریخ کا بدترین بحران پیدا کیا، تاہم وزیر اعلیٰ کے بروقت فیصلوں اور حکومت پنجاب کی بروقت اور مؤثر حکمت عملی کی بدولت سیکڑوں جانیں بچا لی گئیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کے تحت تمام متعلقہ محکمے متحرک ہو گئے، جس کے نتیجے میں امدادی کارروائیاں کامیابی سے جاری رہیں۔
ساہیوال میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ریسکیو کارروائیوں میں ڈرون سرویلنس کا سہارا لیا گیا، جبکہ مضافاتی علاقوں میں متاثرین کی تلاش کے لیے بھی ڈرونز کا استعمال کیا گیا۔ اس کے نتیجے میں سیلابی ریلے میں پھنسے متعدد افراد کو بروقت ریسکیو کر لیا گیا۔
شیخوپورہ میں حکومت کی جانب سے بروقت بند باندھنے کے نتیجے میں جان و مال کو محفوظ رکھا گیا، جس سے سیلاب کے مزید پھیلاؤ کو روکا گیا۔ حکومتی اقدامات نے درجنوں گاؤں، سیکڑوں مویشیوں اور زرعی زمینوں کو سیلاب کی تباہی سے بچا لیا۔
مزید برآں، فلڈ ریلیف اور میڈیکل کیمپس میں متاثرین کو فوری طبی امداد اور دیگر سہولتیں فراہم کی گئیں، جس سے مقامی لوگوں کو بھرپور داد رسی حاصل ہوئی۔ حکومتی کوششوں نے اس قدرتی آفت کے دوران عوامی تحفظ میں اہم کردار ادا کیا، اور سیلاب کے اثرات کو کم کرنے میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔
ان اقدامات سے نہ صرف سیلاب سے ہونے والے نقصانات کو کم کیا گیا، بلکہ متاثرہ افراد کی مدد کے لئے حکومتی سطح پر فعال تعاون اور ہم آہنگی کی ایک نئی مثال قائم ہوئی۔