بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم کی کسٹم سسٹم کو جدید بنانے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے کسٹم انسپکشن اور اسسمنٹ کے نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ اور بے چہرہ بنایا جائے۔منگل کو اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسٹم کے نظام کو بہتر اور جدید بنانے کا مقصد برآمدات اور درآمدات میں مصروف کاروباروں کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ قومی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسٹم انسپکشن اور اسیسمنٹ سے متعلق انتظامی طریقہ کار کے لیے درکار وقت کو کم سے کم کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کسٹم اصلاحات کے موثر نفاذ کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو مربوط حکمت عملی کے تحت کام کرنا چاہیے۔ کسٹم نظام کی اصلاحات میں بہترین بین الاقوامی طریقوں اور قابل عمل حکمت عملیوں کو مکمل طور پر استعمال کیا جانا چاہیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ بندرگاہوں پر کارگو کی بروقت ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے ایک منظم منصوبہ بنایا جانا چاہیے، بڑھتے ہوئے حجم اور سامان کی تیزی سے کلیئرنس اور نقل و حمل کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے کسٹم اسسمنٹ ریویو اپیلوں کے عمل کو مزید شفاف بنانے کے لیے فوری ضروری اقدامات کیے جائیں۔شہباز شریف نے کہا کہ معاشی اور تجارتی اصلاحات کے ذریعے کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔اجلاس کو سکینرز کے ذریعے کسٹم انسپیکشن میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کے بارے میں بتایا گیا جس سے کسٹم کلیئرنس کے لیے درکار وقت میں نمایاں کمی ہو رہی ہے۔یہ بھی بتایا گیا کہ سمگلنگ کے خلاف موثر حکومتی اقدامات سے سامان کی غیر قانونی نقل و حمل میں کمی آئی ہے اور رسمی قانونی کسٹم سسٹم کے ذریعے سامان کی کلیئرنس کے حجم میں اضافہ ہوا ہے۔

اشتہار
Back to top button