بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا 80واں اجلاس، پاکستانی کرکٹ کے فروغ کے لیے اہم فیصلے

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بورڈ آف گورنرز کا 80واں اجلاس چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں پاکستانی کرکٹ کے معیار کو بہتر بنانے، ٹیم کی کارکردگی میں بہتری، اور ڈومیسٹک کرکٹ سمیت دیگر اہم شعبہ جات میں ترقی کے لیے اہم امور پر غور و خوض کیا گیا۔

اجلاس میں انٹرنیشنل کرکٹ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے حوالے سے تفصیلی بحث کی گئی، جب کہ خواتین کرکٹ کے فروغ کے لیے گراس روٹ لیول پر اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ ڈومیسٹک کرکٹ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے حوالے سے بھی تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی گئی۔

پی سی بی کے ہائی پرفارمنس سنٹرز کی اپ گریڈیشن پر بھی اجلاس کو بریف کیا گیا، جس کا مقصد کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

اجلاس میں پی سی بی کے اپ ڈیٹڈ فنانشل رولز کی منظوری دی گئی، جب کہ رواں مالی سال کے لیے آڈیٹرز کے ازسر نو تقرر کی بھی منظوری دی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ گلوبل اینٹی کرپشن کوڈ کو اپنانے کے لیے طریقہ کار میں تبدیلی کی منظوری دی گئی، اور کلبز کی سکروٹنی کے لیے موجودہ طریقہ کار میں رد و بدل پر بھی اتفاق کیا گیا۔

بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں بی او جی کے 78ویں اور 79ویں اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی باقاعدہ توثیق کی گئی۔

اجلاس میں بورڈ آف گورنرز کے اراکین انوار غنی، ظہیر عباس، سجاد علی کھوکھر، ظفر اللہ، تنویر احمد، محمد اسماعیل قریشی، طارق سرور اور دیگر نے شرکت کی۔

علاوہ ازیں، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر، چیف فنانشل آفیسر، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ، ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کمیونیکیشن، ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ، ڈائریکٹر ہیومن ریسورس، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سنٹرز، سربراہ ویمنز کرکٹ اور لیگل ڈیپارٹمنٹ کے حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

اشتہار
Back to top button