بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

احسن  اقبال نے ڈیجیٹل معاشی مردم شماری کے نتائج کی نقاب کشائی  کردی

منصوبہ بندی و ترقی کے وزیر احسن اقبال نے ملک کی پہلی ڈیجیٹل اقتصادی مردم شماری کے نتائج کی نقاب کشائی کرتے ہوئے اسے سماجی و اقتصادی اہداف کے حصول کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔آج اسلام آباد میں پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب میں معاشی مردم شماری کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ مردم شماری سائنسی اقتصادی منصوبہ بندی کی بنیاد فراہم کرے گی جو پالیسی سازی، سرمایہ کاری، روزگار، مالی وسائل کی تقسیم اور سماجی خدمات پر تبدیلی کے اثرات کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اس اعداد و شمار کو مؤثر طریقے سے استعمال کر کے ملکی معیشت نمایاں ترقی حاصل کر سکتی ہے۔

پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس اور دیگر متعلقہ حکام کے کام کو سراہتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ مردم شماری کے دوران چالیس ملین عمارتوں کو جیو ٹیگ کیا گیا جس سے یہ بات سامنے آئی کہ 7.2 ملین ادارے معاشی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سائنسی بنیادوں پر فیصلوں کو یقینی بنانے کے لیے ہر ادارے کو صنعتی کوڈ کے ساتھ ریکارڈ کیا گیا ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ یہ معاشی مردم شماری ملکی سطح پر ہونے والی معاشی سرگرمیوں کو بھی سامنے لاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دس ملین گھرانے معاشی سرگرمیوں میں مصروف ہیں یا چھوٹے کاروبار چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ معلومات خواتین کو مزید بااختیار بنانے میں ہماری مدد کرے گی۔

وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ 7.2 ملین اداروں میں سے 27 لاکھ ریٹیل کاروبار سے اور ایک لاکھ 88 ہزار ہول سیل کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ لاکھ پچیس ہزار مختلف سروسز شاپس ہیں۔ ملک بھر میں 23 ہزار کارخانے پیداوار میں حصہ ڈال رہے ہیں جبکہ 6 لاکھ 43 ہزار چھوٹے پیداواری یونٹ ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ اقتصادی سروے ہمیں غیر رسمی شعبے کو قومی دھارے میں لانے کا موقع فراہم کرے گا۔

وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ یہ مردم شماری ہمیں سماجی شعبے کے بارے میں بھی قیمتی معلومات فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں دو لاکھ 42 ہزار سکول اور چھتیس ہزار سے زائد مدارس ہیں۔ مزید برآں، 11,568 کالج اور 214 یونیورسٹیاں ہیں۔ صحت کی سہولیات کی تعداد ایک لاکھ انیس ہزار ہے جب کہ عبادت گاہوں کی تعداد چھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معلومات خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے اور اچھی حکمرانی کو یقینی بنانے میں ہماری مدد کرے گی۔

اشتہار
Back to top button