بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز، پاکستان شاہینز کی ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کے خلاف 107 رنز سے کامیابی

پاکستان شاہینز نے ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پانچویں میچ میں ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کو 107 رنز سے شکست دیدی۔اس میچ کی خاص بات معاذ صداقت کی شاندار سنچری تھی۔بدھ کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 202 رنز بنائے۔

جواب میں ایڈیلیڈ سٹرائیکرز 16 اعشاریہ ایک اوورز میں 95 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔اوپنرز معاذ صداقت اور یاسر خان نے اپنی ٹیم کو 149 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ معاذ صداقت نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 59 گیندوں پر 104 رنز بنائے جس میں11 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

یاسر خان نے 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔عبدالصمد نے ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 25 رنز بنائے۔ہیری مینینٹی نے عبدالصمد کو آؤٹ کرنے کے بعد اگلی گیند وائیڈ کی جس کے بعد لگاتار گیندوں پر محمد فائق اور شاہد عزیز کو آؤٹ کردیا۔ انہوں نے یہ تین وکٹیں 31 رنز دے کر حاصل کیں۔

ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کی اننگز میں مکینزی ہاروے 27 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔مبصرخان نے 19 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ مہران ممتاز اور فیصل اکرم نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پاکستان شاہینز اپنا چھٹا میچ جمعہ کے روز نیپال کے خلاف کھیلے گی۔

اشتہار
Back to top button