
وزیراعظم نے انسانی سمگلنگ کے معاملے کا نوٹس لیا ہے، وزیر قانون
سینیٹ کو آج (منگل) بتایا گیا کہ انسانی سمگلنگ سے نمٹنے کے لیے گزشتہ ایک سال کے دوران مربوط کوششیں کی گئی ہیں۔وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ وزیراعظم نے انسانی سمگلنگ کے معاملے کا نوٹس لیا ہے۔وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے ایوان کو بتایا کہ انسانی سمگلروں سے ملی بھگت پر ایف آئی اے حکام کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یونان میں کشتی حادثے میں متاثرہ مسافروں کو بھجوانے میں ملوث ہونے پر ایف آئی اے کے اکتالیس اہلکاروں کو برطرف کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف فوجداری کارروائی بھی شروع کی گئی ہے۔ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بنیادی ڈھانچے میں مزید بہتری لائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کی رفتار اور معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔سینیٹ میں دو قراردادیں منظور کی گئیں جن کے تحت وفاقی ترقیاتی ادارے کے ترمیمی آرڈی نینس مجریہ دوہزار پچیس اور زرعی تجارت اور تحفظ خوراک کے ادارے کے آرڈی نینس مجریہ دوہزار پچیس میں مزید ایک سو بیس دنوں کی توسیع دی گئی۔