
ایس آئی ایف سی کی مؤثر حکمت عملی،سیاحتی شعبہ ترقی کی راہ پر گامزن
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ( ایس آئی ایف سی )کی مؤثر حکمت عملی کی بدولت پاکستان میں سیاحت کا شعبہ تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی کے طور پر کراچی سے صرف ایک گھنٹے کی مسافت پر قدرتی ماحول سے مالا مال گرین پاک لیگون، گڈانی کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔یہ نیا پراجیکٹ گرین ٹورازم پرائیویٹ لمیٹڈ کے زیر انتظام شروع کیا گیا ہے جو پاکستان کی تیزی سے ابھرتی ہوئی سیاحتی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے۔گڈانی کا پرسکون ساحل نہ صرف فیملیز کے لیے تفریحی مقام ہے بلکہ مہم جوئی کے شوقین افراد اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے بھی یکساں کشش رکھتا ہے۔
لیگون میں آنے والوں کو صاف و شفاف پانی، تیراکی اور دیگر آبی سرگرمیوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔اس کے ساتھ ماحول دوست سہولیات، عکاسی کے لیے خوبصورت مقامات، کیفے اور ریفریشمنٹ ایریاز میں مقامی و کانٹینینٹل کھانے بھی دستیاب ہیں جو فیملی پکنک اور سیاحتی سرگرمیوں کے لیے اسے ایک منفرد مقام بناتے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق سال 2024 میں پاکستان آنے والے غیر ملکی سیاحوں کی تعداد 9 لاکھ 65 ہزار رہی جنہوں نے ملک میں 738 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔
سیاحت کا شعبہ ملکی جی ڈی پی میں 1.9 فیصد اور روزگار میں 1.7 فیصد حصہ ڈالتا ہے، جس میں مزید اضافے کے روشن امکانات ہیں۔گرین پاک لیگون گڈانی کا آغاز نہ صرف ملکی سیاحت کے فروغ بلکہ معیشت اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی طرف بھی ایک اہم قدم ہے۔ایس آئی ایف سی کے تعاون سے گرین ٹورازم ملکی معیشت کو سیاحت کے ذریعے مضبوط بنانے اور روزگار میں اضافہ کرنے میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔