بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان کا عالمی یومِ انسانی پر انسانیت کی خدمت کے عزم کا اعادہ

پاکستان نے منگل کے روز عالمی یومِ انسانی کے موقع پر انسانی وقار کے تحفظ، مصائب کے خاتمے اور دنیا بھر میں انسانی خدمت کے لیے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کیا۔ یہ دن 2003 میں عراق میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر پر بمباری میں جان بحق ہونے والے 22 افراد کی یاد میں منایا جاتا ہے، جسے اقوام متحدہ نے 2009 میں قائم کیا تھا۔ اس سال کا تھیم "عالمی یکجہتی اور مقامی کمیونٹیز کی طاقت” ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان انسانی مقاصد کے لیے اپنی زندگیاں وقف کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے میں عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں انسانیت کی خدمت اور اس کے تحفظ کے عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ وزیراعظم نے ملک میں ہمدردی، رضاکارانہ جذبے اور کمیونٹی سروس کی دیرینہ روایات پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے حالیہ موسمیاتی چیلنجز کے دوران پاکستانی عوام کے جذبے اور اداروں کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے بھی عالمی یومِ انسانی پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں انسانی خدمات انجام دینے والے کارکنوں کے جذبے، حوصلے اور قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جنگوں، تنازعات اور مظالم جیسے انسانی بحرانوں کی بنیادی وجوہات سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔ اسحاق ڈار نے فلسطین میں جاری انسانی المیے اور بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی قوانین کے تحت فوری حل کا مطالبہ کیا۔پاکستانی قیادت نے اس دن کے موقع پر دنیا کو یاد دلایا کہ انسانی بحرانوں سے نمٹنے کے لیے عالمی یکجہتی، منصفانہ رویے اور مقامی کمیونٹیز کی طاقت کو بروئے کار لانا ناگزیر ہے۔

اشتہار
Back to top button