
وزیر اطلاعات کا بنگلہ دیش کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے کا عزم
وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے بنگلہ دیش کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا ہے۔اسلام آباد میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اعلیٰ سطح کے دوروں اور ثقافتی تعاون کے ذریعے بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تعلقات کو ایک نئی جہت دی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام کو قریب لانے کے لیے میڈیا کے شعبے میں تعاون بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلم، ڈرامہ اور ڈیجیٹل میڈیا میں تعاون نہ صرف دونوں ممالک کے عوام کو قریب لائے گا بلکہ خطے میں ایک مثبت بیانیہ کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوستی کا تاریخی رشتہ ہمیشہ مضبوط رہے گا۔