
قومی
پاک بحریہ کی بندرگاہ کی حفاظت کیلئے دفاعی مشق کا انعقاد
پاک بحریہ نے پورٹ قاسم کراچی پر دو روزہ پورٹ سیکیورٹی اور ہاربر ڈیفنس مشق کا انعقاد کیا۔مشق کا مقصد سمندری تنصیبات کو لاحق ممکنہ خطرات کے خلاف بروقت شناخت، فوری روک تھام اور موثر انسدادی اقدامات کو یقینی بنانا تھا۔مشق میں پاک بحریہ کی کوسٹل کمانڈ، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی، کراچی پورٹ ٹرسٹ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حصہ لیا۔
مشق میں حصہ لینے والی تنظیموں کی تیاری اور مشترکہ ردعمل کی صلاحیتوں کو جانچنے کے لیے مختلف منظرنامے پیش کیے گئے۔مواصلاتی صلاحیتوں کو بڑھانے، حالات سے متعلق آگاہی، اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے انضمام پر خصوصی زور دیا گیا۔یہ مشق پاک بحریہ اور متعلقہ اداروں کے سمندری اثاثوں کے تحفظ اور بلا تعطل تجارتی سرگرمیوں کو یقینی بنانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔