
تجارت
پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 20 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 20 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں۔
جمعرات کو اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس 15 ارب ڈالر جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 5.5 ارب ڈالر موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے معاشی استحکام کی جانب نمایاں پیش رفت کی ہے، مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں کمی آئی ہے۔ اب ہمارا ہدف معیشت کو پائیدار اور جامع ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ برآمدات میں اضافے کے لیے ٹیرف اصلاحات سمیت مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں اور معیشت کو ڈیجیٹلائز کرنے پر بھی حکومت کی توجہ مرکوز ہے۔ ایف بی آر میں بھی اصلاحات جاری ہیں تاکہ ٹیکس محصولات میں اضافہ کیا جا سکے۔