
پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدہ؛ برآمدات میں اضافہ ہوگا، وزیر مملکت برائے خزانہ
قومی اسمبلی کو جمعرات کے روز بتایا گیا کہ حالیہ پاکستان-امریکہ تجارتی معاہدہ ملک کی برآمدات میں اضافہ کرے گا اور معیشت پر مثبت اثر ڈالے گا۔
وزیر مملکت برائے خزانہ، بلال اظہر کیانی نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو آگاہ کیا کہ امریکہ کی جانب سے پاکستان کو دیا گیا 19 فیصد ٹیرف ریٹ جنوبی ایشیا کے خطے میں سب سے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کاوشوں سے امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات میں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت نے کم آمدنی والے خاندانوں کی معاونت میں اضافہ کیا ہے اور سماجی بہبود کے پروگرامز کے لیے فنڈز میں توسیع کی گئی ہے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے 716 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 21 فیصد زیادہ ہیں۔
پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم، فرح ناز اکبر نے ایوان کو بتایا کہ قومی نظام تعلیم کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن باقاعدگی سے انڈرگریجویٹ اور گریجویٹ سطح کے نصاب کا عالمی رجحانات اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق جائزہ لیتا اور اپڈیٹ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 150 تعلیمی شعبہ جات کا نصاب بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔
پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی صحت سروسز، نیلسن عظیم نے ایک توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں کہا کہ ملک میں انسولین سمیت کسی بھی جان بچانے والی دوا کی کوئی قلت نہیں ہے، اور ان کی قیمتوں میں بھی کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔
ایوان نے آج "پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی بل 2025” منظور کر لیا، جو وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پیش کیا۔