
شدید بارشوں کا الرٹ: خیبرپختونخوا، پنجاب اور کشمیر میں طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اور اربن فلڈنگ کا خطرہ
محکمہ موسمیات نے آج رات اور 30 جولائی کے دوران شدید بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں ممکنہ خطرات سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
الرٹ کے مطابق دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، کوہاٹ، کرک، ہنگو، ٹانک، مری، گلیات اور کشمیر کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ ان علاقوں میں رہائش پذیر افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ نشیبی اور دریا کنارے مقامات سے دور رہیں۔
مزید برآں، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے، جس سے شہری نظامِ زندگی متاثر ہو سکتا ہے۔
خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت میں رکاوٹیں پیدا ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارش، آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات زندگی متاثر ہو سکتے ہیں، جب کہ کچے مکانات، دیواریں، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، گاڑیاں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
حکام نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے اور عوام کو بروقت معلومات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔