بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات کے لیے تیار ہے: نائب وزیراعظم

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات کے لیے تیار ہے۔نیویارک میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بات چیت صرف دہشت گردی کے مسئلے تک محدود نہیں رہے گی۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار رہا ہے اور کہا کہ امریکی وزیر خارجہ نے ان سے ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس دو طرفہ ملاقات کے دوران جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کو بھی اٹھایا گیا اور اس بات پر زور دیا کہ اس تنازعہ کے حل کے بغیر خطے میں مستقل امن ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس معاملے کو متعدد بار اٹھایا تھا۔

سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کا موقف بالکل واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ پابند ہے اور کوئی ایک فریق اسے ختم یا ترمیم نہیں کر سکتا۔ انہوں نے سختی سے کہا کہ پاکستان کے حصے کا پانی موڑنے یا روکنے کی کوئی بھی کوشش ناقابل قبول ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں نائب وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کا اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ انہوں نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور فلسطینی عوام تک انسانی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے ایک خودمختار اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

نائب وزیراعظم نے اپنے دورہ امریکہ کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات کے لیے آواز اٹھائی ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ او آئی سی کو عالمی ادارے میں مناسب نمائندگی دی جائے۔

اشتہار
Back to top button