
انٹرنز کے گروپ کا وفاق محتسب سیکریٹریٹ کا دورہ
وفاقی ٹیکس محتسب کے دفتر میں زیر تربیت انٹرنز کے ایک گروپ نے پیر کے روز وفاق محتسب سیکریٹریٹ، اسلام آباد کا مطالعاتی دورہ کیا۔دورے کے دوران ایڈوائزر وفاق محتسب آفس شاہد ہمایوں اور ڈائریکٹر جنرل ایڈمنسٹریشن محمد صفدر نے انٹرنز کو ادارے کے کردار، دائرہ کار اور خدمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کو بلا معاوضہ اور فوری انتظامی انصاف کی فراہمی میں وفاق محتسب کا کردار قابل ستائش ہے، اور اس ماڈل کو دیگر شعبہ جات جیسے بینکاری، انشورنس، ٹیکسیشن اور کام کی جگہ پر خواتین کو ہراساں کیے جانے کے خلاف اقدامات میں بھی اپنایا جا رہا ہے۔بعد ازاں، انٹرنز نے وفاق محتسب کے احاطے میں واقع ایشین اومبڈسمین ایسوسی ایشن (AOA) کے سیکریٹریٹ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں عالمی سطح پر محتسب اداروں میں پاکستان کے فعال کردار کے بارے میں آگاہی دی گئی۔انٹرنز نے شکایات کے مؤثر ازالے اور ملک میں بہتر طرز حکمرانی کو فروغ دینے کے لیے وفاق محتسب آفس کی کاوشوں کو سراہا اور ادارے کی خدمات کو سیکھنے کے عمل کے لیے نہایت مفید قرار دیا۔